۔تدریس کے میدان میں چند سادہ اور آسان حکمتِ عملیاں ایسی ہیں جو سیکھنے کے عمل کو نہایت مؤثر، جاذب اور نتیجہ خیز بناتی ہیں۔ روزمرہ کی تدریسی زندگی میں معلم کو جن بنیادی مراحل سے واسطہ پڑتا ہے—جیسے آغاز، موضوع کا تعارف، طریقہ ہائے تدریس، سمعی و بصری معاونات، جائزہ (اسسمنٹ)، ہوم ورک اور خلاصہ—اگر ان کو بہترین انداز میں ترتیب دیا جائے تو تدریس کا مقصد باآسانی حاصل ہو جاتا ہے۔ آئیے ان تمام مراحل پر تفصیل سے بات کرتے ہیں:
1. آغاز
کلاس میں آتے ہی بچوں کو سلام کیا جائے، ان کا حال احوال پوچھا جائے، اور ہو سکے تو دعا سے شروعات کی جائے، کیا ہی بات ہے!
یہ یہ تمام باتیں بچوں کے ساتھ ایک انسانی رشتہ قائم کرتی ہیں اور سیکھنے کے جسم میں روح جیسا کام کرتی ہیں۔ کلاس میں آتے ہی فوراً کسی موضوع کا آغاز کر دینا ایک مشینی عمل لگے گا۔
2. موضوع کا تعارف
تدریس شروع کرنے سے پہلے بچوں کو اس دن کے موضوع یا حاصلاتِ تعلم (Student Learning Outcomes) کے بارے میں بتایا جائے، اور ہو سکے تو ذیلی موضوعات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے۔ مثلاً: "بچو! آج ہمارا موضوع 'نظامِ انہضام' ہے۔ اس میں ہم نظامِ انہضام کی تعریف اور اس کے مختلف اعضاء کے نام وغیرہ سیکھیں گے۔"
اصلی موضوع پر آنے سے پہلے اس سے متعلق کوئی چھوٹی سی کہانی، تصویر، ماڈل، ویڈیو یا کسی ایسی چھوٹی سرگرمی سے شروعات کی جائے جس سے بچوں کی توجہ حاصل ہو، ان کی سابقہ واقفیت کو نئے موضوع سے جوڑا جا سکے، اور بچے غیر محسوس انداز میں موضوع میں داخل ہو سکیں۔
3. تدریسی حکمتِ عملی
پاکستان میں ہر مضمون کے نصاب میں اس سے متعلق مختلف طریقہ ہائے تدریس دیے گئے ہیں؛ جیسے لیکچر، گروہی مباحثہ (Group Discussion)، رول پلے، مظاہراتی طریقہ (Demonstration)، برین اسٹارمنگ (Brainstorming)، تھنک پیئر شیئر (Think-Pair-Share)، سوال و جواب، پروجیکٹ بیسڈ لرننگ اور فلپڈ کلاس روم وغیرہ۔ ہر معلم کو یہ طریقہ ہائے تدریس سمجھنے چاہئیں اور موضوع کی مناسبت سے درست طریقہ کار کا انتخاب کرنا چاہیے۔
تدریسی حکمتِ عملی میں چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بہت بڑا فرق پیدا کرتی ہیں؛ جیسے:
بچوں کے سوالات کو معلم کی طرف سے توجہ اور عزت ملنا اور مناسب جواب دینا۔
موضوع سے متعلقہ مثالیں دینا۔
آواز کا اتار چڑھاؤ اور ٹھہر ٹھہر کر بولنا۔
موضوع کو آج کے عملی مسائل، اسلام اور عام زندگی سے جوڑنا۔
بچوں کو سوچنے اور بات چیت کے لیے وقت دینا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور کلاس روم میں پڑھائی کے لیے سازگار ماحول بنانا۔
تدریسی معاونات کا استعمال
موضوع کی مناسبت سے تدریسی معاونات (Teaching Aids) کا استعمال سیکھنے کے عمل کو کئی گنا بہتر بناتا ہے۔ معاونات کو "دوسرا استاد" بھی کہا جاتا ہے۔ ایک نقشہ، ایک تصویر، ایک ویڈیو یا ایک ماڈل ہزاروں الفاظ پر بھاری ہوتا ہے۔
معاونات کے استعمال سے دماغ معلومات کو 60,000 گنا تیز تر پروسیس (منتقل) کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ معاونات کی مدد سے بچے جلد سیکھتے ہیں، جس کی وجہ سے 25 سے 40 فیصد تک وقت کی بچت ہوتی ہے اور بچوں کی سرگرمی/فعالیت میں 50 فیصد تک اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے اساتذہ کے لیے تدریسی معاونات کا استعمال لازمی ہونا چاہیے۔
جائزہ (Assessment)
آج کے حاصلاتِ تعلم یا تعلیمی مقاصد کس حد تک حاصل ہوئے، اس کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ جائزہ بنیادی طور پر دو قسم کا ہوتا ہے:
تشکیلی جانچ (Formative Assessment): اس میں دورانِ تدریس ایسے سوالات یا سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں جن سے معلم معلوم کرتا ہے کہ بچے کو موضوع کی سمجھ آ رہی ہے یا نہیں۔ پھر وہ اسی کے مطابق اپنی تدریسی حکمتِ عملی تبدیل کرتا ہے۔
تکمیلی جانچ (Summative Assessment): یہ وہ سوالات یا سرگرمیاں ہیں جن کے ذریعے سبق یا باب کے اختتام پر معلوم کیا جاتا ہے کہ مکمل موضوع کی سمجھ آئی ہے یا نہیں۔
اس مرحلے پر بچے کو خود بھی اپنی کمزوریوں کا پتہ چلتا ہے۔ یہاں اساتذہ کی رہنمائی يا فیڈ بیک (Feedback) انتہائی کلیدی کردار ادا کرتا ہے، چاہے یہ فیڈ بیک کسی اسکور یا گریڈ کی شکل میں نہ بھی ہو۔معلم کوشش کریں کہ کلاس میں آنے سے پہلے موضوع سے متعلق ایسے سوالات اور سرگرمیوں کی نشاندھی کریں جن کا جائزہ کے وقت اطلاق ہوگا۔ایسا کرتے وقت وہ خود سے بھی سوالات اور سرگرمیاں بنا سکتا ہے اور تدریسی کتب کے مشق والے حصے سے بھی مدد لے سکتا ہے ۔
ہوم ورک سے متعلق حکمتِ عملیاں
ہوم ورک تدریس کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کے ذریعے اساتذہ طلباء کو سبق سے جوڑے رکھتے ہیں، یاد رکھنے کی مشق کرواتے ہیں، ان میں تخلیقی اور تحقیقی صلاحیت پیدا کرتے ہیں، اور خاندان کو بھی بچے کے سیکھنے کے عمل میں مشغول رکھتے ہیں۔
نوعیت: اساتذہ کو روزانہ ایک ہی طرح کا ہوم ورک نہیں دینا چاہیے۔ کبھی یہ یاد کرنے کی مشق ہو، تو کبھی موضوع سے متعلق نئی چیزوں کی کھوج یا جستجو۔
پالیسی: اسکول کی پالیسی ایسی ہونی چاہیے کہ ہر مضمون کا ہوم ورک روزانہ نہ ملے۔ کچھ مضامین میں ایک یا دو دن کا وقفہ ہونا چاہیے۔ چھٹی کے دن بچوں کو ہوم ورک نہیں دینا چاہیے۔
وقت اور جماعت کا لحاظ: استاد ہوم ورک دیتے وقت طالب علم کی جماعت اور درکار وقت کو ضرور مدِ نظر رکھے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی معیارات بھی موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق، پہلی جماعت میں تمام مضامین کا مجموعی ہوم ورک ایک گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے (اور ابتدائی درجات میں مجموعی حد ایک گھنٹے سے کم ہونی چاہیے)۔ اگلی جماعت کے لیے تدریجاً وقت(10 منٹ) اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
وضاحت: اساتذہ ہوم ورک ڈائری میں نوٹ کرواتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ اس میں کوئی ابہام نہ ہو اور یہ بچے کے ذہن میں بالکل واضح ہو۔
خلاصہ (Summary)
سبق کا خلاصہ ایک مختصر جائزہ ہوتا ہے جو تدریسی سیشن کے آخر میں دیا جاتا ہے تاکہ پڑھائے گئے اہم تصورات اور نکات کا دہرائو ہو سکے اور سیشن کا باقاعدہ اختتام کیا جا سکے۔اس لیے ضروری ہے کہ سبق کے اختتام پر خلاصہ ہو اور اس کے لیے چند منٹ مختص ہو۔
خلاصے کے فوائد:
اس کی مدد سے سیکھے گئے نکات قلیل مدتی یادداشت سے طویل مدتی یادداشت (Long-term Memory) میں منتقل ہوتے ہیں۔
یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ طلباء بنیادی تصورات اور ثانوی تفصیالت میں فرق کر سکیں۔
خلاصہ فوری طور پر اساتذہ اور طلباء دونوں کو فیڈ بیک فراہم کرتا ہے تاکہ آگے بڑھنے سے پہلے باقی رہ جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔
آخر میں ضروری بات یہ ہے کہ معلم تدریسِ کے تمام حصوں کو سوچ بچار کے بعد مناسب وقت مختص جریں۔تاکہ تدریس کا منٹ منٹ قیمتی یو

🙂
ReplyDelete